Mobile Phones Kill the Contact
Mobile Phones Kill the Contact
دنیا جدت کی جانب گامزن ہے۔ ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس کے آنے سے لینڈ لائن فون اور خط لکھنے کی جانب رجحان کم ہوا اور پھر سمارٹ فون کے آنے سے ایس ایم ایس سروس کی چمک دمک ماند پڑ گئی۔ سمارٹ فون میں تو لامتناہی امکانات اور خواہشات کا ایک جہاں آباد ہے۔ ہتھیلی میں سمائی ہوئی یہ ایک دنیا ہے جو کرہ ارض کی طرح گول نہیں اور جہاں صبح کبھی شام میں نہیں بدلتی اور جہاں موسموں کا اثر اور بھوک پیاس کی تکلیف نہیں۔ یہ جہاں افسانوی حقیقت ہے اور حقیقی افسانہ۔ مگر اس جہاں کو بھی کوئی کنٹرول کرتا ہے۔ پس منظر کی خوبصورتی پیش منظر کی مضبوطی اور طراری سے بندھی ہے۔ سمارٹ فونز کے سمارٹ جہان کی ایک ایک تصویر اور تصور، نکتہ اور دائرہ پس منظر میں کنٹرول کرنے والے نظام سے جڑا ہے۔ اس سارے نظام کی چابی آپ کا ای میل ان باکس ہے اور اس ای میل ان باکس کی جان آپ کے یوزرنیم اور پاس ورڈ میں ہے۔ چنانچہ سمجھیے ایسے ہی کہ آپ کے سمارٹ فون کا سارا سمارٹ کاروبار اسی یوزرنیم اور پاس ورڈ کی دین ہے اور اسی میں اس ورچوئل نظام کا جوڑ توڑ اور توڑ موڑ ہے۔ مگر، ابھی تو بات شروع ہوئی ہے۔ اس بات کو بھولیے نہیں کہ یہ ای میل اور پاس ورڈ آپ کا اپنا نہیں، مانگے کا ہے۔ ایک نظام اور ہے جس میں یہ یوزرنیم اور پاس ورڈ ایسے ہی بہتا ہے جیسے دریا میں پانی کی موجیں۔ وہ ہے گوگل کا بیک ہینڈ سرور۔ اس سرور میں ہر یوزرنیم اور پاس ورڈ اپنے تمام تر اسرار و رموز سمیت گوگل کے سرور میں اپنے ان دیکھے سفر پر رواں دواں ہے۔ اس سفر میں کشتی ہے یوزر نیم اور پاس ورڈ، ملاح کی ذمہ داری خود اس کی ہے جس نے یہ یوزرنیم اختیار کی امگر اس کشتی کے مسافر صرف آنے جانے والی ای میلز نہیں ہیں۔ ای میلز تو محض ایک بہانہ ہیں جیسے مرزا غالب کہیں کہ دل کے خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھا ہے۔ اصل میں اس فری سروس دینے کا سبب ہے وہ سب کچھ مانیٹر کرنا جو آپ کے سمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی دنیا میں روز و شب ہوتا ہے۔ کون سی ایپ ڈاؤن لوڈ ہوئیں، کون سی ویڈیو دیکھی گئی، کہاں کہاں آمد و برخواست ہوئی، کسے موبائل پر سم یا ایپ استعمال کرتے ہوئے کال کی گئی، کتنے گانے سنے، کتنی آیات پڑھیں، کس پر لعن طعن کی گئی، کس کی خوشامد، کس کو کون سے لفظ کہے گئے، کس کے کون سے الفاظ توجہ سے سنے گئے اور تو اور ایک دن میں کتنے کلومیٹر سفر کیا اور اس سفر کے لیے کون سی سواری چنی گئی، پیدل گئے ہیں تو اس کی بھی تفصیلات یہیں پائی جائیں گی۔ مگر حیران نہ ہوئیے، ابھی حیران ہونے کے لیے تو جانے کیا کیا ہے۔
اگر آپ نے گوگل کا پاس ورڈ کسی کو دے دیا ہے تو آپ جائیے اور اپنے روز و شب پر فاتحہ خوانی کر لیجیے کیونکہ آپ کی تمام تر تفصیلات دیکھ لی گئی ہیں، اگر خوش قسمتی کام نہیں آئی۔ اگر کسی نے آپ کا سمارٹ فون اپنی ای میل پر زندہ کر رکھا ہے تو یقین جانیے کہ وہ شخص آپ کا محرم راز ہے۔ اگر آپ اپنے رازوں کو راز رکھنا چاہتے ہیں تو خاموشی سے اپنا ای میل بدل لیجیے کہ کسی کو کانوں کان خبر نہ ہونے پائے۔
اس تحریر میں یہی لکھنا ہے آج کہ کہاں سے کیا ہوتا ہے اور گوگل آپ کے ای میل کے ذریعے سے کیسے کیسے اور کیا کیا جانتا ہے۔ آپ ان تمام تفصیلات کو کیسے دیکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ کو محسوس ہو کہ آپ کی ترجیحات اور معمولات میں کوئی ایسی چیز شامل ہوگئی ہے جو آپ نے نہیں کی، کوئی ایسی جگہ جہاں آپ نہیں گئے، کوئی ایسی کال جو آپ نے نہیں کی، تو اسے کیسے بدلا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے سب سے پہلے اپنے جی میل اکاؤنٹ سے لاگ ان کریں گے اور دائیں جانب اوپر نظر آنے والے چھوٹے چھوٹے نقطوں کو کلک کریں گے جہاں آپ کو مختلف سہولیات یا ایپس دکھائیں دیں گی۔ ان گوگل ایپس میں آپ کوجانا ہے مائی اکاؤنٹ میں۔ جب آپ مائی اکاؤنٹ کو کلک کریں گے تو ایک نئی ونڈو میں ایک نیا جہان آپ کے سامنے کھل جائے گا۔ یہاں آپ اپنے اکاؤنٹ کی حفاظت کے لیے سیکورٹی مزید سخت کر سکتے ہیں۔ آپ کا فون کھوگیا ہے تو اس کی لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔ کھو جانے والے فون کا سارا ڈیٹا ڈیلیٹ یا فون کو لاک کر سکتے ہیں۔ اس پر کال کر سکتے ہیں چاہے آپ کا فون سائلنٹ پر ہی کیوں نہ ہو۔ یہ کال آپ کو پوری آواز سے رنگ کرنے کی سہولت دے گی۔
Comments